عوامی توقعات اور مطالبات پر ٹی پولٹیکل جے اے سی کا منشور

عنقریب اجرائی انتخابات میں موزوں امیدواروں کے انتخاب کی توقع ، پروفیسر کودنڈا رام

حیدرآباد۔/27مارچ، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران عوامی توقعات اور مطالبات پر مبنی ایک منشور جے اے سی کی جانب سے تیار کیا جائے گا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر کودنڈا رام نے بتایا کہ یہ منشور بہت جلد جاری کیا جائے گا اور اسے تلنگانہ کی تمام سیاسی جماعتوں کو پیش کرتے ہوئے ان پر عمل آوری کی مانگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جے اے سی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اس منشور پر برسر اقتدار آنے والی پارٹی عمل آوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں جے اے سی کسی بھی سیاسی جماعت کو تلنگانہ عوام کی خواہشات کی تکمیل اور وعدوں پر عمل آوری کیلئے مجبور کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک کے دوران تلنگانہ عوام کی ضرورت اور مسائل کی بنیاد پر منشور تیار کیا جارہا ہے اور یہ ایک جامع منشور ہوگا جس پر عمل آوری کے ذریعہ تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی اور مساوی انصاف کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابات میں تلنگانہ کی طاقتوں کی تائید کریں اور انہیں مستحکم بنائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیما آندھرا کی پارٹیاں پھر ایک مرتبہ تلنگانہ عوام کے درمیان آنے کی کوشش کررہی ہیں تاکہ انہیں پھر دھوکہ دیا جاسکے۔ کودنڈا رام نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیما آندھرائی پارٹیوں سے چوکس رہیں۔ آندھرائی پارٹیوں کا مقصد تلنگانہ میں دوبارہ اپنا تسلط قائم کرنا ہے۔ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ آندھرائی جماعتوں سے چوکس رہیں اور انہیں تلنگانہ میں قدم جمانے کا موقع نہ دیں۔ کودنڈا رام نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں عوام نے جو توقعات وابستہ کی ہیں پارٹیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اُن پر کھرا اُترنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ انتخابات میں عوام موزوں امیدواروں کو منتخب کرتے ہوئے ایسی حکومت کی تشکیل کو یقینی بنائیں گے جو عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرے گی۔