سعید آباد تحصیل دفتر کا افتتاح ، محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : نائب وزیر اعلی و وزیر ریونیو محمد محمود علی نے آج سعید آباد میں تحصیل دفتر کا افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بہت جلد تحصیل دفاتر کو اراضیات کے رجسٹریشن کے اختیارات دئیے جائیں گے تاکہ عوام کو رجسٹریشن میں سہولت ہوسکے ۔ محمود علی نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ نے اپنے اقتدار کے دوران تحصیل و سب رجسٹرار دفاتر کی مستقل عمارتوں میں منتقلی کو یقینی بنایا جب کہ سابقہ متحدہ ریاست میں تمام دفاتر کرایہ کی عمارتوں میں خدمات انجام دے رہی تھیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سرکاری اراضیات کے تحفظ کے لیے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اراضیات کے ریکارڈ کی تجدید عمل میں لائی ہے جس سے زمینداروں اور حکومت دونوں کو فائدہ ہوا ہے ۔ انہوں نے محکمہ ریونیو کی ستائش کرتے ہوئے بتایا کہ اراضیات کے ریکارڈ کو شفاف بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ریاستی انتظامی امور کو آسان بنانے اور عوام کو سہولت پہنچانے کی غرض سے چیف منسٹر نے 21 اضلاع اور 125 نئے منڈلوں کی تشکیل عمل میں لائی ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر حیدرآباد یوگیتا رانا ، تحصیلدار چندرا کلا اور دیگر عہدیدار موجود تھے ۔۔