عنبر پیٹ میں ایسٹ زون پولیس کا امن اجلاس

حیدرآباد 14 مئی (سیاست نیوز) آزاد نگر عنبر پیٹ میں ایسٹ زون پولیس نے اہلیان عنبرپیٹ اور دیگر کے ساتھ ایک امن اجلاس منعقد کیا۔ مدرسہ تجوید القرآن عنبرپیٹ کے احاطہ میں منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون ایم رمیش ریڈی اور اے سی پی ملک پیٹ ایم سدرشن کے علاوہ مدرسہ کے مولانا زکریا نے مقامی افراد سے یکخانہ مسجد عنبرپیٹ سے متعلق صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ پولیس عہدیداروں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں اور اِس مسئلہ کا مناسب حل تلاش کریں۔ اِس موقع پر مولانا زکریا نے کہاکہ مسجد اللہ کا گھر ہوتی ہے اور تاقیامت مسجد ہی رہتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مسجد یکخانہ عنبرپیٹ کے تنازعہ کا شرعی حدود میں حل تلاش کریں اور اِس سلسلہ میں علمائے کرام سے مشورہ کریں۔ مولانا زکریا نے کہاکہ مسجد یکخانہ سے پیدا شدہ صورتحال سے مقامی نوجوان مشتعل نہ ہوں اور اِس کا شرعی اور قانونی حل تلاش کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ مسجد کی دوبارہ تعمیر کے لئے غیر مقامی لوگوں کی مداخلت قابل تشویش ہے۔ چونکہ غیر مقامی نوجوان عنبرپیٹ کی پرامن فضاء کو مکدر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔