عمر خالد پر فائرنگ واقعہ، دو افراد زیرحراست

نئی دہلی 20 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) جے این یو کے اسٹوڈنٹ لیڈر عمر خالد پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے دو افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس نے کہاکہ درویش شاہ پور اور نوین دلال سے فی الحال پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ دہلی پولیس کی ایک خصوصی ٹیم ایک انقلابی سکھ کرتار سنگھ سرابھا کے گاؤں کا دورہ کی تھی جہاں ان دونوں نے کہا تھا کہ وہ 17 اگسٹ کو خودسپردگی کریں گے لیکن تاحال سپردگی نہیں کی تھی۔ ان دونوں نے 15 اگسٹ کو فیس بُک پر پوسٹ کردہ اپنے ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ عمر خالد پر ہوئے حملے کو شہریوں کے لئے یوم آزادی کا تحفہ سمجھا جانا چاہئے۔ پولیس اس ویڈیو کی صداقت کے بارے میں توثیق کررہی ہے اور اُس آئی پی ایڈریس کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے جہاں سے یہ ویڈیو پوسٹ کیا گیا تھا۔ درویش شاہ پور نے ویڈیو مسیج میں کہا تھا کہ ’’ہم اپنے دستور کا احترام کرتے ہیں۔ لیکن ہمارے دستور میں کہیں بھی پاگل کتوں کو سزا دینے سے متعلق کوئی دفعہ نہیں ہے۔ پاگل کتوں سے متعلق ہمارا مطلب جے این یو گینگ ہے جو ملک کو کمزور بنارہی ہے اور اس کے ارکان کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ ہرانہ میں ہمارے بزرگوں نے ہمیں سکھایا کہ ایسے لوگوں کو سبق سکھایا جانا چاہئے‘‘۔