عمر جلیل ، محکمہ اقلیتی بہبود کے چیف ویجلینس آفیسر مقرر

حیدرآباد۔/28نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر موثر عمل آوری اور بجٹ کے استعمال میں مبینہ بے قاعدگیوں کو روکنے کیلئے چیف ویجلینس آفیسر کا تقرر کیا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کو چیف ویجلینس آفیسر مقرر کیا گیا اور اس سلسلہ میں آج احکامات جاری کئے گئے۔ حکومت نے  مارچ 2015ء میں تلنگانہ ویجلینس کمیشن کا قیام عمل میں لایا تھا۔ ویجلینس کمشنر نے حکومت سے خواہش کی کہ محکمہ اقلیتی بہبود میں چیف ویجلینس آفیسر کا تقرر کیا جائے جس کا رینک ڈپٹی سکریٹری سے کم نہ ہو۔ ویجلینس کمیشن سے مشاورت کے بعد حکومت نے سید عمر جلیل ( آئی اے ایس ) سکریٹری اقلیتی بہبود کو چیف ویجلینس آفیسر برائے اقلیتی بہبود مقرر کیا ہے۔ وہ فوری اثر کے ساتھ عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ وہ ویجلینس اور تادیبی کارروائیوں سے متعلق اُمور کا جائزہ لیں گے۔ محکمہ اقلیتی بہبود میں باقاعدہ ڈپٹی سکریٹری کے تقرر تک وہ اس عہدہ پر برقرار رہیں گے۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں اقلیتی بہبود کی اسکیمات میں مبینہ بے قاعدگیوں کی شکایت کے بعد حکومت نے ویجلینس آفیسر کے تقرر کا فیصلہ کیا۔ یہ عہدیدار تمام اسکیمات اور بجٹ کے خرچ پر نظر رکھیں گے۔ واضح رہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود میں عہدیداروں کی کمی کے باعث سید عمر جلیل کی ذمہ داریوں میں نیا اضافہ ہوچکا ہے۔