عمر البشیرسوڈان کے دوبارہ صدر منتخب

خرطوم ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سوڈان کے صدر عمر البشیر کو انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد دوبارہ ملک کیا صدر منتخب کیا گیا ہے جنہیں 94 فیصد ووٹس حاصل ہوئے اور اس طرح ان کے 25 سالہ دورحکومت کو مزید توسیع حاصل ہوئی حالانکہ ان پر کئی جنگی جرائم اور شورش پسندی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے سربراہ مختار العاصام نے رپورٹرس کی موجودگی میں انتخابات کے نتائج کا سرکاری طور پر اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی کا تناسب حالانکہ صرف 46.4 فیصد رہا۔ تاہم ان کا کہنا ہیکہ ووٹرس نے رائے دہی میں کوئی خاص دلچسپی نہیں دکھائی۔ یہ خبریں حقیقت سے بعید ہیں۔ البشیر کو 5.58 ملین ووٹس حاصل ہوئے جبکہ صدارتی انتخابات کے مقابلہ میں موجود دیگر 12 امیدوار عوام کیلئے بالکل نئے تھے۔ ملک کے 11000 پولنگ مراکز پر تقریباً 13 ملین رجسٹرڈ رائے دہندوں نے ووٹ دیا جبکہ حیرت انگیز طور پر دارالخلافہ خرطوم میں پولنگ مراکز پر رائے دہندوں کی انتہائی قلیل تعداد نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔