عمران خان کی پارٹی جشن منائے گی

اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ ان کے حامی مخالف حکومت احتجاج کے ایک ماہ مکمل ہونے کا ہفتہ کو بڑے پیمانے پر جشن منائیں گے۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے روبرو کل رات اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ نواز شریف اور ان کے حاشیہ برداروں کو بے نقاب کرکے رہیں گے جو مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے جو احتجاج شروع کیا گیا، اس کا ایک ماہ مکمل ہوگیا ہے اور ہم بڑے پیمانے پر جشن منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ کو ایسے انکشافات ہوں گے جنہیں پارلیمنٹ میں لایا جانا چاہئے۔ انہوں نے عوام سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ یہ احتجاج اب بھی جاری ہے جبکہ حکومت نے مذاکرات کے ذریعہ بحران کو حل کرنے کے مقصد سے جرگہ قائم کیا ہے۔