عمران خان کی اپیل پر کراچی بند مکمل

کراچی ۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں گذشتہ سال منعقدہ انتخابات میں نواز شریف حکومت کی طرف سے مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر دھاندلیوں اور بوگس رائے دہی کے خلاف عمران خان کی پارٹی کی اپیل پر آج کراچی بند منایا گیا۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور تجارتی مرکز میں یہ بند مکمل رہا جس کے نتیجہ میں معمول کی زندگی عملاً مفلوج ہوگئی تھی۔ شہر کے کئی علاقوں میں آج صبح سے ہی تمام مارکٹس، دکانات، پٹرول پمپس بند رہے۔ سڑکوں پر سرکاری و خانگی گاڑیوں کی آمدورفت بہت کم رہی۔ تحریک انصاف پاکستان کے صدر عمران خان کی اپیل پر منائے گئے اس بند کے سبب پاکستانی عروس البلاد کی کئی اہم سڑکیں سنسان نظر آرہی تھیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قائدین اور حامیوں نے کراچی کے 38 مقامات پر دھرنا منظم کرتے ہوئے سڑکوں کی ناکہ بندی کی۔ کلفٹن اور ڈیفنس کالونی جیسے پاش علاقوں میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں اور حامیوں نے احتجاجی دھرنا منظم کئے ان میں خواتین کی کثیر تعداد شامل تھی۔ عمران خاں دوپہر کراچی پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سینئر قائدین شاہ محمد قصوری، شیخ رشید اور دوسروں نے انہیں گھیر لیا۔