عمران خان کی آمدنی میں گذشتہ تین سال میں تین کروڑ روپئے کی کمی

اسلام آباد ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان کی خالص آمدنی میں گذشتہ تین سالوں کے دوران 3.09 کروڑ روپئے کی گراوٹ آئی جبکہ بعض اپوزیشن قائدین کی آمدنی میں مسلسل اضافہ نوٹ کیا گیا۔ انگریزی اخبار ڈان کی اطلاع کے مطابق کرکٹر سے سیاستداں بننے والے عمران خان کی 2015ء میں آمدنی 3.56 کروڑ پاکستانی روپئے تھی جبکہ 2016ء میں اس آمدنی میں کمی ہوکر یہ 1.29 کروڑ پاکستانی روپئے ہوگئی جبکہ 2017ء میں یہ آمدنی صرف 47 لاکھ روپئے تک محدود ہوگئی اور اس کے برعکس قومی اسمبلی میں قائد اپوزیشن شہباز شریف کی آمدنی میں اضافہ نوٹ کیا گیا اور 2015ء میں ان کی آمدنی جہاں 76 لاکھ پاکستانی روپئے تھی وہیں 2017ء میں اس نے ایک کروڑ پاکستانی روپئے سے تجاوز کرلیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری آمدنی کا دارومدار زیادہ تر زراعت پر ہے لہٰذا 2015ء میں ان کی خالص آمدنی 10.5 کروڑ پاکستانی روپئے رہی جبکہ 2016ء میں یہ 11.4 کروڑ پاکستانی روپئے اور 2017ء میں 13.4 کروڑ پاکستانی روپئے ہوگئی۔ آصف علی زرداری 7.748 ایکڑ اراضی کے مالک ہیں۔