عمران خان اور وزیراعظم مودی کے درمیان ملاقات طے نہیں:قریشی

جدہ، 30مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعرات کے روز کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان کوئی ملاقات مقرر نہیں ہے ۔مسٹر قریشی جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی میٹنگ میں شرکت کے لئے آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسٹر خان نے مسٹر مودی کے ساتھ میٹنگ کی امکانات سے انکار نہیں کیا ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان میں مسٹر منموہن سنگھ جیسی مضبوط قیادت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے ہندوستان کے ساتھ بات چیت پر زور دیتا رہا ہے ۔ مسٹر قریشی نے کہا کہ اگر دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کسی میٹنگ یا تقریب میں ملاقات کرتے ہیں تو یہ مثبت اشارے ہوں گے اور دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان اچھی شروعات ہوگی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر میں نوجوانوں کے مظاہرے ان کی فکر ظاہر کرتے ہیں۔ وہ او آئی سی میں جموں و کشمیر اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔لاہور سے موصولہ اطلاع کے بموجب پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ اپنی مشرقی سرحد پر واقع ایئربیس کو بند رکھنے کی مدت میں دوبارہ توسیع کرتے ہوئے 15 جون تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے شہری ہوا بازی حکام کے مطابق بالاکوٹ فضائی حملوں کے بعد جن تحدیدات کا اطلاق کیا گیا تھا انہیں دورخی طور پر ختم کرنے کا چونکہ اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے لہٰذا 15 جون تک مشرقی سرحد پر واقع ایئربیس کو بند رکھا جائے گا۔