عمران خان اور علامہ طاہر القادری ایک شہ نشین پر

اسلام آباد ۔ 2 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان نے جاری بحران کو حل کرنے کے مقصد سے اپوزیشن قائدین پر مشتمل مذاکرات کار کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی عمران خان اور علامہ طاہرالقادری سے بات چیت کر رہی ہے ۔ اس کمیٹی کو دونوں احتجاجی قائدین سے فیصلہ کن بات چیت کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ امیر جماعت اسلامی جناب سراج الحق کی زیر قیادت سیاسی جرگہ نے عمران خان سے بحران کو حل کرنے کے سلسلہ میں بات چیت کی۔ عمران خان اپنے حامیوں کے احتجاجی مظاہرہ کے مقام سے چلے جانے کے باوجود کنٹینر میں موجود رہے۔ انہوں نے علامہ طاہر القادری کو بھی یہاں بلا لیا تھا ۔ دونوں قائدین ایک دوسرے سے بغل گیر ہوئے ، اس کے بعد عمران خان نے علامہ طاہر القادری کو خطاب کی دعوت دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ہیڈکوارٹر پر حملے میں ان کے کار کن ملوث نہیں تھے۔اس دوران پاکستان کی عدالت نے جاری بحران کو حل کرنے کیلئے فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف سے مدد کی درخواست کے بارے میں قوم سے جھوٹ بولنے کی بناء وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے کی درخواست مسترد کردی۔