ضبط شدہ اثاثوں میں اراضیات اور فکسڈ ڈپازٹ شامل
حیدرآباد۔24نومبر ( پی ٹی آئی) آندھراپردیش صنعتی انفراسٹرکچر کارپوریشن عمار ٹاؤن شپ پراجکٹ کی تحقیقات کے ضمن میں افورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے آج ان اداروں کے فکسڈ ڈپازٹس اور اثاثہ جات مجموعی مالیت 96کروڑ روپئے ضبط کرلیا ۔ سی بی آئی نے چارج شیٹ داخل کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ عمار ہلز ٹاؤن شپ پرائیوٹ لمٹیڈ ( ای ایچ ٹی پی ایل ) اوردوسروں نے ای ایچ ٹی پی ایل میں پلاٹس کیلئے زائد نقد رقم حاصل کی تھی اور اکاؤنٹ بکس نہیں دکھائے گئے تھے ۔ اب درخواست کی بنیاد پر انفورسمنٹ ڈائرکٹریٹ ( ای ڈی ) نے ’’ انفورسمنٹ کیس انفارمیشن رپورٹ ‘‘ درج کیا تھا ۔ ای ڈی حیدرآباد زون کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ ای ایچ ٹی پی ایل میں ’’ ولا پلاٹس‘‘ کے فروخت میں 96.01کروڑ روپئے زائد وصول کیا تھا اور زائد رقم آپس میں تقسیم کرلی گئی تھی ۔ضبط شدہ اثاثوں میں ضلع رنگاریڈی کے مختلف مقامات پر واقع اراضیات کے علاوہ فکسڈ ڈپازٹس بھی شامل ہیں ۔ اس مقدمہ میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے و کڑپہ رکن پارلیمنٹ جگن موہن ریڈی بھی شامل ہیں۔