عمارت انہدام: گوا میں ڈپٹی ٹاؤن پلانر گرفتار، بلڈرس ہنوز فرار

پنجی۔/7جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) گوا میں کان کونا بلڈنگ انہدام معاملہ میں ایک سینئر ٹاؤن و کنٹری پلاننگ آفیسر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس حادثہ میں 17افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے تھے۔دریں اثناء پولیس سپرنٹنڈنٹ شیکھر پربھو دیسائی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی ٹاؤن پلانر پرکاش بانڈوڈکر کو گذشتہ شام گرفتار کیا گیا جبکہ میونسپل انجینئر اجے دیسائی ہنوز مفرور ہے۔ گوا پولیس نے متعدد افراد کے خلاف ایف آئی آردرج کی ہے۔ جن میں سرکاری افسران بھی شامل ہیں جو مبینہ طور پر مذکورہ پانچ منزلہ عمارت کو پراجکٹ کوکلیئرنس دینے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ اس عمارت میں80فلیٹس ہیں۔ تین ڈائرکٹرس جے دیپ سیگل، پردیپ سنگھ برنگ اور وشواس دیسائی کے خلاف بھی معاملات درج کئے گئے ہیں

لیکن یہ تینوں افراد بھی لاپتہ ہیں۔ ان کا تعلق پراپرٹی فرم ( بھارت ریالٹرس ڈیولپرس ) سے ہے جنہوں نے مذکورہ عمارت تعمیر کی تھی۔ بانڈوڈکر اس وقت کان کونا کے ڈپٹی ٹاؤن پلانر تھے جب اس زیر تعمیر عمارت کو 2010ء میں منظوری دی گئی تھی۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی ٹاؤن پلانر نے پنجی میں موجود اعلیٰ سطحی عہدیداروں سے مشاوت کئے بغیر عمارت کی تعمیر کی اجازت دی تھی ۔ حالانکہ اعلیٰ سطحی عہدیداروں سے مشاورت کرنا ہی قانون کا تقاضہ تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ جو عمارت ہفتہ کے روز منہدم ہوئی وہ ان تین عمارتوں میں شامل ہے جنہیں اکوینسی سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے تھے۔بچاؤ کاری عملے کے مطابق زائد از ایک درجن افراد ہنوز ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں۔

گروہرمندر صاحب میں دو گروپس متصادم، تین زخمی
پٹنہ۔/7جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) تخت ہرمندر صاحب سکھ گردوارہ موقوعہ قدیم پٹنہ میں دو گروپس کے متصادم ہونے پر تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جو گردوارہ میں ایڈیشنل چیف گرنتھی کے لئے کسی ’ باہرکے آدمی ‘ کی تقرری کے مخالف تھے۔ دریں اثناء ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیش کمار نے کہاکہ دو گروپس کے آپس میں متصادم ہونے کے واقعہ میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ دونوں گروپس نے تلواروں کا استعمال کیا جو تخت ہرمندر صاحب میں چیف گرنتھی کیلئے کسی’ باہر والے ‘ کی تقرری کی مخالفت کررہے تھے۔ زخمیوں کی جتھیدار اقبال سنگھ، ان کے بیٹے پرکاش سنگھ اور ایک دیگر شخص کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے۔ دونوں متصادم گروپس کے درمیان سمجھوتہ کروانے کیلئے پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ متو مہاراج بھی گردوارہ میں موجود تھے۔