عمارات حج ہاؤز میں برقی بحالی پر حکومت کی عدم توجہ

حج جیسے مقدس فریضہ میں برقی حکام کا معاندانہ رویہ، حج کمیٹی کیلئے تکلیف دہ صورتحال
حیدرآباد۔/20ستمبر، ( سیاست نیوز) حج ہاوز میں برقی کی سربراہی کے سلسلہ میں برقی حکام کے تساہل اور غفلت کے باعث حج کمیٹی کو کافی دشواریوں کا سامنا ہے۔ گزشتہ پانچ دن سے محکمہ برقی نے حج ہاوز کو زائد ٹرانسفارمر کے ذریعہ برقی کی سربراہی منقطع کردی ہے جس کے باعث حج کیمپ کے زائد حصہ کو برقی سربراہی کا انحصار جنریٹر پر ہوچکا ہے۔ 15ستمبر کو حج ہاوز کے باہر پیش آئے شارٹ سرکٹ واقعہ کو بہانہ بناکر برقی حکام نے حج ہاوز کیلئے فراہم کردہ خصوصی ٹرانسفارمر سے برقی کی سربراہی کو منقطع کردیا۔ ابتداء میں کہا گیا کہ کنکشن کی جانچ کے سلسلہ میں سربراہی منقطع کی گئی ہے لیکن گزشتہ پانچ دنوں سے سربراہی بحال نہیں کی گئی۔ واضح رہے کہ حج کیمپ کیلئے قائم کردہ ٹینٹ اور عمارت کے دیگر اہم حصوں میں برقی کی سربراہی اس خصوصی ٹرانسفارمر کے ذریعہ ہی ممکن تھی۔ برقی حکام کے اس غیر متوقع اقدام کے بعد حج کمیٹی نے جنریٹر کے استعمال کا آغاز کیا جس کیلئے روزانہ 8000روپئے کا ڈیزل خرچ ہورہا ہے۔ اس جنریٹر کے 24گھنٹے استعمال کے باعث اندیشہ ہے کہ کسی بھی وقت وہ کام کرنا بند کردے گا۔ اس صورتحال میں حج کیمپ کی کیا حالت ہوگی اس کا اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔ حج جیسے مقدس فریضہ کے سلسلہ میں برقی حکام کا معاندانہ رویہ حج کمیٹی کیلئے تکلیف دہ بن چکا ہے۔ برقی حکام کی اس لاپرواہی کے بارے میں حکومت کے اعلیٰ حکام اور محکمہ برقی کے اعلیٰ عہدیداروں سے بارہا نمائندگی کی گئی لیکن بتایا جاتا ہے کہ برقی عہدیداروں پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا اور انہوں نے حج ہاوز کے قریب سے اپنا خصوصی ٹرانسفارمر ہٹالیا ہے۔ حج کیمپ چونکہ 28ستمبر تک جاری رہے گا لہذا برقی کی سربراہی کیلئے خصوصی ٹرانسفارمر ناگزیر ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب جلال الدین اکبر نے اس سلسلہ میں برقی حکام کی توجہ مبذول کرائی لیکن حکام نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ خود چیف منسٹر یا پھر ڈپٹی چیف منسٹر اس سلسلہ میں دلچسپی لے کر برقی حکام کو خصوصی ٹرانسفارمر نصب کرنے کی ہدایت دیں۔ حج ہاوز کی مینٹننس سے متعلق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ موجودہ جنریٹر 28ستمبر تک دن رات کارکرد رہنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔