علیگڑھ ۔ 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ قائدین نے یونیورسٹی کے ’’اقلیتی موقف‘‘ کی بحالی کے سلسلے میں رائے عامہ بیدار کرنے کے مقصد سے ایکشن کمیٹی تشکیل دی ہے۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اسٹوڈنٹس لیڈر س کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی اس مسئلہ پر رائے عامہ ہموار کرنے اور ان میں بیداری کے مقصد سے مہم شروع کرے گی۔ کمیٹی تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمان سے ربط قائم کرے گی۔ اس کے علاوہ سمپوزیم اور قانونی پیانل مباحثے منعقد کئے جائیں گے۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے اقلیتی موقف کی بحالی کا مسئلہ فی الوقت سپریم کورٹ میں زیرتصفیہ ہے لیکن مرکز نے حال ہی میں یونیورسٹی کے موقف کی عدالت میں تائید کرنے پیشرو یو پی اے حکومت کا فیصلہبدل دیا، جس کے بعد احتجاج شروع ہوگیا۔