علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کا ہفتہ کو کانوکیشن

علیگڑھ 25 مارچ (پی ٹی آئی) نائب صدرجمہوریہ محمد حامد انصاری 29 مارچ کو علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں کلیدی خطبہ دیں گے۔ جناب حامد انصاری جو خود بھی علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے فارغ التحصیل ہیں۔ اس یونیورسٹی کے 91 ویں کانوکیشن میں 500 گریجویٹس، پوسٹ گریجویٹس اور پی ایچ ڈی طلبہ و طالبات کو اسناد عطا کریں گے۔ اس کانوکیشن میں اتراکھنڈ کے گورنر عزیز قریشی اور متحدہ عرب امارات کے ممتاز صنعتکار یوسف علی کو ڈی لٹ کی اعزازی ڈگریاں دی جائیں گی۔ اے ایم یو کا پہلا سالانہ جلسہ تقسیم اسناد 1922 ء میں منعقد ہوا تھا۔ 75 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں دی گئی تھیں۔ اس باوقار ادارہ کی بانی چانسلر بیگم سلطان جہاں نے جلسہ تقسیم اسناد کی صدارت کی تھی۔ بیگم سلطان جہاں اُس وقت ریاست بھوپال کی حاکم فرمانروا بھی تھیں۔سرسید احمد خان نے برطانوی سامراج کے دور حکمرانی کے دوران مستقبل کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے تن تنہا اِس یونیورسٹی کے قیام کا بیڑہ اُٹھایا تھا۔انگریزی ذریعہ تعلیم کے انتخاب پر خودمسلمانوں نے اُن کی سخت مخالفت کی تھی۔