علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کا جدید تعلیمی منصوبہ

علیگڑھ ۔ یکم ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : علیگڑھ مسلم یونیورسٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اترپردیش کے تمام اضلاع میں2017 تک انٹر میڈیٹ کی سطح پر انگریزی میڈیم اسکولس قائم کئے جائیں ۔ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر لیفٹننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ نے ہر ایک ضلع میں اس طرح کے اسکولس قائم کرنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ یہ منصوبہ سال 2017 میں یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خاں کی 200 سالہ یوم پیدائش تقاریب کا ایک حصہ ہوگا ۔ یونیورسٹی کے ترجمان راحت ابرار نے بتایا کہ یہ اسکولس سی بی ایس ای بورڈ کے تحت تمام فرقوں کے بچوں کے لیے ہوں گے تاہم مسلمانوں میں تعلیمی پسماندگی کے پیش نظر ان کے بچوں کو تحفظات رہیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اسکولس ، کرسچن مشنری اسکولس کا طریقہ تعلیم اختیار کریں گے جو کہ ملک بھر میں عصری تعلیم فراہم کررہے ہیں جب کہ مسلم فرقہ کو ماڈرن سائنٹفک تعلیم فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علیگڑھ یونیورسٹی کا پہلا کالج ضلع مظفر نگر کے جولا گاوں میں جاریہ سال ماہ اگست سے شروع ہوگا ۔