علیحدہ تلنگانہ کا جلد قیام یقینی

حیدرآباد 11 فبروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر پی لکشمیا نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے مطالبہ پر کی گئی زبردست جدوجہد، ہزاروں نوجوانوں کی قربانیوں کے بعد اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کرنے کے مرحلہ پر علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام میں کسی طرح کی رکاوٹ پیدا نہ کرنے کی سیما آندھرا قائدین، عوام و مرکزی وزراء سے پرزور اپیل کی اور کہاکہ ہندی بولنے والے عوام کی ملک میں کئی ریاستیں ہیں اور تلگو بولنے والے عوام کیلئے دو ریاستیں کوئی غلط بات نہیں ہے۔ جبکہ دو تلگو ریاستیں تشکیل پانے کے بعد یہ دونوں تلگو ریاستیں تیز رفتار ترقی حاصل کرنے کی توقع ہے۔

آج یہاں سکریٹریٹ میں میڈارم جاترا کی ویب سائیٹ کا آغاز کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آنے کا بھرپور اعتماد تلنگانہ عوام میں پایا جاتا ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کیلئے اب تک کئی امتیازات کو برداشت کئے یہاں تک کہ ہم پر پھولوں کی بارش ہو یا پتھروں کی بارش کی گئی ہو لیکن ہم کانگریس ورکر کی حیثیت سے ہی برقرار ہیں۔ چھ ارکان پارلیمان کو کانگریس پارٹی سے معطل کئے جانے کے موضوع پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہاکہ کانگریس پارٹی ڈسپلن شکنی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔