نئی دہلی۔6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آسیہ اَندرا بی اور دیگر دو کشمیری علیحدگی پسندوں کوآج قومی تحقیقاتی محکمہ این آئی اے کی 10 روزہ تحویل میں دے دیا گیا تاکہ مبینہ طور پر ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے کے الزام کے سلسلہ میں تحقیقات کی جاسکیں۔ دہلی کی ایک عدالت کے حکم کے بموجب ان تینوں کو آج سرینگر سے یہاں منتقل کرکے ضلع و سیشن جج پونم بامبا کے اجلاس پر پیش کیا گیا تھا جنہوں نے محکمہ کی درخواست سماعت کے لیے قبول کرلی تھی۔ اَندرابی صدر ممنوعہ تنظیم ’’دخترانِ ملت‘‘ ہیں اور ان کی نفرت انگیز تقریروں کے سلسلہ میں مطلوب تھیں۔ ان کے علاوہ ان کی دو ساتھیوں فہمیدہ اور ناہیدہ نسرین کو بھی این آئی اے کی تحویل میں لیا گیا۔