سرینگر ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) تمام گوشوں بشمول حلیف بی جے پی کی تنقید پر چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے آج فیصلہ کیا کہ کل علیحدگی پسندوں کو جلسہ عام کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پرچم لہرانا اور پاکستان حامی نعرہ بازی ناقابل قبول ہے اور اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے گیلانی کے جلسہ عام کے چند گھنٹے بعد مفتی محمد سعید سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے ان سے پاکستانی پرچم لہرانے اور پاکستان کی حمایت میں نعرہ بازی پر سخت کارروائی کرنے کی خواہش کی تھی۔ گزشتہ ماہ جیل سے رہا ہونے والے علیحدگی پسند مسرت عالم نے جلسہ عام میں لشکر طیبہ کے حافظ محمد سعید کی ستائش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اس تنظیم کے ہاتھ مضبوط کریں۔