علیحدگی پسندرہنما آسیہ اندرابی گرفتار

سرینگر،27اپریل(سیاست ڈاٹ کام)جموں کشمیر میں علیحدگی پسند تنظیم دختران ملت (ڈی ای ایم)کی سربراہ آسیہ اندرابی کو پولیس نے گرفتار کیا،جبکہ حریت کانفرنس کے سخت گیر گروپ کے چیرمین سید علی شاہ گیلانی کی گھرمیں نظر بندی جاری ہے ۔تنظیم کے ایک ترجمان نے کہا کہ ایک پولیس ٹیم نے ڈی ای ایم کی سربراہ کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں گرفتار کرلیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی گرفتاری کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے ۔مبینہ طورپر ملک مخالف سرگر میوں کے کئی معاملوں کا سامنا کررہیں آسیہ ضمانت پررہا تھیں۔اسی دوران ، حریت کانفرنس کے ترجمان ایاز اکبر نے بتایا کہ گیلانی کی رہائش گاہ حیدر پورا میں واقع ہے جہاں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور وہ گزشتہ سال مئی میں دہلی سے واپس آنے کے بعد ابھی تک گھر پر نظر بند ہیں۔انہوں نے پتھراؤ سمیت تشدد کے معاملوں میں شامل گرفتار کئے گئے 100سے زیادہ علیحدگی پسند لیڈروں اور کارکنوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ان میں سے کچھ پر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت معاملہ درج ہے۔