علمائے دین کی برطانوی یرغمال کو رہا کرنے کی اپیل

لندن۔ 20 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ کے دو علمائے دین نے دولت اسلامیہ سے راست اپیل کی ہے کہ وہ برطانوی یرغمال الانی ہنینگ کو رہا کردیں ۔ یوٹیوب ویڈیو میں جنوبی لندن کے لیویشام اسلامک سنٹر کے امام شکیل بیگ اور اسلامک شرعیہ کونسل کے حاتم الحدّاد نے کہا کہ 47 سالہ ہنینگ کو یرغمال بنانے کی کوئی منطق اور کوئی وجہ نہیں ہے جسے شام میں گرفتار کرکے یرغمال بنایا گیا ہے ۔ ایک معمولی ٹیکسی ڈرائیور ہنینگ کو گزشتہ سال ڈسمبر میں اُس وقت اغواء کیا گیا جب وہ امدادی سامان کی ڈیلیوری کررہا تھا ۔ دونوں اماموں نے کہاکہ ہنینگ کو یرغمال بنائے رکھنا اسلامی تعلیمات کے مغائر اور حرام ہے ۔ البتہ ویڈیو میں دولت اسلامیہ کے ذریعہ یرغمال بنائے گئے ایک اور برطانوی شہری جان کینٹلی کا کوئی تذکرہ موجود نہیں ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ قبل ازیں شکیل بیگ نے بیلمارش اور گوانتے ناموبے جیلوں سے مسلم قیدیوں کی رہائی کیلئے موثر مہم چلائی تھی ۔ اپنی ویڈیو میں شکیل بیگ نے اغواء کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ انھیں یہ سمجھنا چاہئے کہ جس آدمی کو انھوں نے یرغمال بنایا ہے وہ ایک امن پسند شخص ہے ۔