ناگپور ۔ 18 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : علاقہ ودربھا میں تاجروں اور وکلاء کی مختلف تنظیموں نے علحدہ ریاست کی تشکیل کے مطالبہ پر زور دینے کے لیے خصوصی اجلاس منعقد کرتے ہوئے قرار دادیں منظور کی ہیں ۔ جب کہ ڈسٹرکٹ بار اسوسی ایشن بلڈھانہ نے کل ایک اجلاس میں علحدہ ریاست ودربھا کے حق میں اتفاق آراء سے قرار داد منظور کی ہے ۔ علاقہ ودربھا کے 11 اضلاع میں 8 اضلاع کے بار اسوسی ایشن نے مذکورہ مطالبہ پر قرار دادیں منظور کی ہیں ۔ جن میں ناگپور ، گونڈیا ، بھاندرا ، وردھا ، چندرا پور ، گڈچیرولی ، ایوت محل اور بلڈھانہ کی تنظیمیں شامل ہیں ۔ علحدہ ریاست ودربھا کے مطالبہ پر سپریم کورٹ کے سینئیر وکیل شری ہری اینے اور ہائی کورٹ کے وکلاء مکیش سمرٹ ، انیل کیلور ، فردوس مرزا اور نیرج کھنڈیوال اور دنیش نائیڈو زور و شور سے مہم چلا رہے ہیں ۔ قبل ازیں سری ہری اینے نے علاقہ ودربھا کا تفصیلی دورہ کر کے علحدہ ریاست کے حق میں قرار داد منظور کرنے کی ترغیب دی تھی اور توقع ہے کہ باقیماندہ اضلاع اکولہ ،
امراوتی اور واسیم کے ڈسٹرکٹ بار اسوسی ایشن بھی اتفاق آراء سے قرار داد منظور کریں گے ۔ مسٹر سری ہری مختلف مقامات پر عوامی جلسے منعقد کر کے علحدہ ریاست کی ضرورت پر رائے عامہ کو ہموار کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں ٹریڈ اور پروفیشنل اسوسی ایشن نے قرار دادیں منظور کرتے ہوئے علاقہ ریاست ودربھا کی تشکیل کے مطالبہ کی پر زور حمایت کی ہے ۔ جس میں ناگر ودربھا چیمبر آف کامرس ، انسٹی ٹیوٹ آف چارٹریڈ اکاونٹس آف انڈیا اور مقامی جرنلٹس اسوسی ایشن شامل ہیں ۔ مذکورہ تنظیموں اور انجمنوں کی منظورہ قرار دادیں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کر کے ایک میمورنڈم کی شکل میں پیش کی جائے گی تاکہ ہندوستان کی 30 ویں ریاست ودربھا کی تشکیل کے لیے مرکزی حکومت پر زور دیا جاسکے ۔۔