ہائی کمان واضح موقف اختیار کرے، ٹال مٹول سے عوامی ناراضگی میں اضافہ: پونم پربھاکر
حیدرآباد /21 مئی (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا کریم نگر کے کانگریس رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کانگریس پارٹی کے لئے آکسیجن ثابت ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ وہ کانگریس میں رہ کر علحدہ ریاست کی تشکیل کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ہائی کمان پر دباؤ ڈالتے رہیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ ان کا پارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، جب کہ دیگر تین ارکان پارلیمنٹ نے بھی پارٹی چھوڑنے کا ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا، بلکہ 30 مئی تک فیصلہ کرنے ہائی کمان اور مرکز کو مہلت دی ہے، تاکہ تلنگانہ پر واضح اعلان کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام علحدہ ریاست چاہتے ہیں، لہذا عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے تلنگانہ کے کانگریس ارکان پارلیمنٹ تلنگانہ تحریک چلا رہے ہیں۔ جب کہ کانگریس ہائی کمان اور مرکز نے علحدہ ریاست کی تشکیل کا اعلان کیا اور پھر اپنے وعدہ سے انحراف کیا، جس کی وجہ سے طلبہ اور نوجوان خودکشی کرتے ہوئے علحدہ ریاست کی تشکیل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس نے تلنگانہ مسئلہ کو زندہ رکھا ہے، اگر علحدہ ریاست تشکیل نہیں دی گئی تو اپنے ہی بچے کا اپنے ہاتھوں سے گلا گھونٹنے کے مترادف ہوگا۔ آندھرا پردیش کے کانگریس ارکان پارلیمنٹ سے جب راہول گاندھی نے ملاقات کی تھی تو انھوں نے تلنگانہ پر علحدہ اجلاس طلب کرنے کا تیقن دیا تھا، جب کہ غلام نبی آزاد نے تلنگانہ ارکان پارلیمنٹ سے علحدہ ملاقات کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ مسئلہ پر ٹال مٹول کی پالیسی اپنانے سے کانگریس پارٹی عوامی اعتماد سے نہ صرف محروم ہو رہی ہے، بلکہ عوامی ناراضگی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، جو کانگریس کے لئے نقصاندہ ثابت ہوگی۔
پدمالیہ اسٹوڈیو اراضی کے تعلق سے
رگھونندن راؤ کا بے بنیاد تبصرہ : وجئے شانتی
حیدرآباد۔/21مئی، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ وجئے شانتی نے پدمالیہ اسٹوڈیو کے اراضی سے متعلق ٹی آر ایس رکن اسمبلی ہریش راؤ پر پارٹی کے باغی قائد رگھونندن راؤ کی جانب سے عائد کردہ الزامات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ رگھونندن راؤ نے اس اراضی کے معاملہ میں پہلے تو ہریش راؤ پر بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں اور دوسرے اس تنازعہ میں انہیں گھسیٹنے کی کوشش کی ہے۔ وجئے شانتی نے وضاحت کی کہ اس تنازعہ سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ رگھونندن راؤ نے الزام عائد کیا تھا کہ ہریش راؤ نے پدمالیہ اسٹوڈیو کی اراضی کے بارے میں ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کے تحت درخواست داخل کی اور بعد میں وجئے شانتی کے گھر میں معاملت کرلی گئی۔ وجئے شانتی نے کہا کہ اس تنازعہ میں ان کا اور ان کے گھر کا ذکر کیا گیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ اس اراضی اور اس کی دیگر تفصیلات سے قطعی لاعلم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس اراضی میں غریبوں کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے تو وہ غریبوں کو انصاف دلانے کیلئے جدوجہد کرنے تیار ہیں۔ وجئے شانتی نے رگھونندن راؤ کی جانب سے اس تنازعہ میں غیر ضروری ان کا نام گھسیٹنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس سلسلہ میں کسی بھی تحقیقات کا سامنا کرنے تیار ہیں اور رگھونندن کے پاس کوئی ثبوت موجود ہو تو انہیں عوام کے روبرو پیش کرنا چاہیئے۔