علحدگی پسند گروپس بات چیت کیلئے مدعو

سری نگر؍ نئی دہلی ۔ 17؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے دونوں ملکوں ہند و پاک کے معتمدین خارجہ سطح کی اسلام آباد میں 25 اگسٹ کو مقررہ بات چیت سے عین قبل نئی دہلی میں مشاورت کے لئے کشمیری علیحدگی پسند قائدین کو مدعو کیا ہے۔ اعتدال پسند حریت گروپ نے آج یہ بات بتائی۔ حریت کانفرنس چیرمین میر واعظ عمر فاروق نے بتایا کہ پاکستانی ہائی کمشنر نے انھیں بات چیت کے لئے 19 اگسٹ کو دہلی میں مدعو کیا ہے۔ حریت کے سخت گیر گروپ کے چیرمین سید علی شاہ گیلانی اور دیگر سینئر علیحدگی پسند لیڈر شبیر احمد شاہ نے گزشتہ سال اپنا علیحدہ گروپ بناچکے ہیں، کو بھی پاکستانی ہائی کمیشن نے مدعو کیا ہے۔ تاہم موافق آزادی جے کے ایل ایف چیرمین محمد یٰسین ملک کو مدعو نہیں کیا گیا۔ جے کے ایل ایف کے ترجمان نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن سے ایسی کوئی اطلاع ہم کو نہیں ملی ہے۔پاکستان ہائی کمیشن کی اس دعوت پر ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے اور بی جے پی نے اسے انتہائی نامناسب وہ قدیم حربہ قرار دیا ۔ کانگریس نے کہا کہ موجودہ حالات میں کشمیری علحدگی پسندوں کو مدعو کیا جانا حیرت انگیز ہے ۔