کولکتہ ۔6 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) گورنر مغربی بنگال کے این ترپاٹھی نے آج کہاہے کہ ملک میں ایک بار پھر علحدگی پسندی کے بیج بوئے جارہے ہیں ۔ اگر ملک کے مختلف علاقوں کی تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو یہ واضح طورپر دکھائی دیتا ہے کہ علحدگی پسندی کے بیج پھر ایک بار نشوونما پارہے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر شیام پرساد مکرجی کے نظریات آج کے حالات پر پوری طرح متابقت رکھتے ہیں ۔ بسا اوقات غیررسمی بات چیت کے دوران وہ اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں کہ آئندہ 15 تا 20 سال میں مغربی بنگال کی صورت کیا ہوگی ۔ انھوں نے کہاکہ باقی ساری بات آپ بخوبی سمجھ سکتے ہیں ۔ ترپاٹھی آج جن سنگھ کے بانی شیام پرساد مکھرجی کی 115 ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے مخاطب تھے ۔