علاقہ جگت گری گٹہ کا محاصرہ اور تلاشی مہم

پولیس کی خصوصی ٹیم کی کارروائی میں مشتبہ افراد گرفتاراور موٹر سیکلیں ضبط
حیدرآباد۔ 16 نومبر (سیاست نیوز) سائبرآباد کے بالا نگر زون میں پولیس نے رات کے پچھلے پہر بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی جس میں کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سی وی آنند کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر پولیس بالا نگر زون مسٹر مسٹر اے آر سرینواس نے راجیو گروہا کلپا جگت گری گٹہ جو جیڈی میٹلہ پولیس اسٹیشن حدود میں واقع ہے، اچانک علاقہ کا محاصرہ کرکے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم کی گئی۔ اس آپریشن میں ایک ایڈیشنل ڈی سی پی، دو اسسٹنٹ کمشنران، 13 انسپکٹران، 33 سب انسپکٹران اور 300 پولیس کانسٹبلس نے حصہ لیا۔ شہر کے مضافاتی علاقہ میں غیرسماجی عناصر اور عادی رہزن، سارقین اور دیگر جرائم پیشہ افراد پناہ لینے کی اطلاع پر پولیس وقفہ وقفہ سے ’’کارڈن سرچ آپریشن‘‘ جاری رکھے ہوئے ہے۔ پولیس نے راجیو گروہا کلپا، جگت گری گٹہ اور قطب اللہ پور منڈل کے رہائشی علاقہ میں رات کے پچھلے پہر گھر گھر تلاشی مہم کے تحت 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ اس آپریشن میں پولیس نے 30 موٹر سائیکلیں ، 10 آٹوز جو بغیر دستاویزات کے اس مقام پر موجود تھے، ضبط کرلیا۔ پولیس نے حراست میں لئے گئے مشتبہ افراد کو متعلقہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا جہاں پر ان سے پوچھ تاچھ کی جائے گی۔