علاحدہ تلنگانہ عثمانیہ یونیورسٹی تحریک 1969 کے پچاس سال مکمل

تحریک پر کتاب جاری کرنے کا فیصلہ ، پی یادگیری ، بھوپتی ریڈی و دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔یکم مئی(سیاست نیوز) علیحدہ تلنگانہ عثمانیہ یونیورسٹی تحریک برائے1969کے پچاس سال کی تکمیل کے ضمن میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو 1969اور2009کی تلنگانہ تحریک میں شریک طلبہ پر ایک کتاب تیار کرے گی ۔ آج یہاں حیدرآباد میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نو تشکیل شدہ کمیٹی کے کنونیر پی یادگیری ‘ بھوپتی ریڈی او ردیگر نے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد بھی حکومت تلنگانہ نے عثمانیہ یونیورسٹی اور تلنگانہ کے دیگر یونیورسٹیوں سے تلنگانہ تحریک میںبڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے طلبہ کی قربانیوں کو تسلیم نہیں کیا ہے ۔ قائدین نے مزیدکہاکہ 1969اور 2009کی تلنگانہ تحریک میں لاکھوں طلبہ نے حصہ لیاتھا جس کے نتیجے میں علیحدہ ریاست تلنگانہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے ۔کمیٹی کے ذمہ داران نے کہاکہ 1969میں 15جنوری سے 22ستمبر تک ناقابل فراموش تحریک چلانے کا اعزاز عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ کو جاتا ہے ۔ کمیٹی نے اعلان کیاکہ وہ عثمانیہ یونیورسٹی طلبہ کی بے مثال قربانیوں کو ایک کتاب کی شکل دینے کی تیاری کررہی ہے جس کو بہت جلد جاری کیاجائے گا۔