سرکاری ملازمین و رضاکارانہ تنظیمو ں سے بھی تعاون کی اپیل ۔ مزید مذاکرات سے اتفاق
حیدرآباد 11 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس، تلگودیشم اور سی پی آئی قائدین نے آج شہر کی ایک ہوٹل میں اپنا اجلاس طلب کرکے ٹی آر ایس کو اقتدار سے دور رکھنے عظیم اتحاد تشکیل دینے اس میں مزید جماعتوں اور تنظیموں کو شامل کرنے سے اُصولی طور پر اتفاق کیا ہے۔ اجلاس میں کانگریس کی طرف سے اتم کمار ریڈی، ملو بٹی وکرامارک، تلگودیشم سے ایل رمنا، آر پرکاش ریڈی، پدا ریڈی، سی پی آئی سے چاڈا وینکٹ ریڈی نے شرکت کی۔ بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہاکہ ٹی آر ایس کے پاپ کا گھڑا بھر چکا ہے۔ گھمنڈ اور تکبر والی ٹی آر ایس کو اقتدار سے دور رکھنے تمام جماعتوں نے عظیم اتحاد تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں تلگودیشم، کمیونسٹ جماعتیں، تلنگانہ جنا سمیتی کے علاوہ دیگر جماعتوں و رضاکارانہ تنظیموں کو شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی۔ یہ مذاکرات کا پہلا مرحلہ ہے جس میں عظیم اتحاد تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہم سرکاری ایمپلائیز اور رضاکارانہ تنظیموں کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ یہ پہلا اجلاس ہے۔ آئندہ اور بھی اجلاس ہونگے جن میں دوسروں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ تلنگانہ تلگودیشم صدر ایل رمنا نے کہاکہ عظیم اتحاد تشکیل دینے میں آج پیشرفت ہوئی ہے۔ آئندہ اجلاس میں مزید جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا۔ 9 ماہ قبل اسمبلی تحلیل کرکے کے سی آر نے ان پر اعتماد کرنے والے عوام کی توہین کی ہے۔ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے سماج کا کوئی طبقہ خوش نہیں ہے۔ کے سی آر نے اقتدار کا بیجا استعمال کیا ہے۔ بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں ہوئی ہیں۔ ایسی حکومت کا اقتدار پر برقرار رہنا جمہوریت کیلئے خطرہ ہے۔ سی پی آئی تلنگانہ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کے عوام سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا کرنے میں ٹی آر ایس کامیاب نہیں ہوئی۔ کے سی آر نے وزیراعظم سے دوستی کرنے تلنگانہ کے مفادات کو فراموش کرکے ذاتی مفادات کو ترجیح دی ہے۔ اقتدار کا بیجا استعمال کرکے جمہوریت کی دھجیاں اُڑائی ہیں۔ ایسی ظالم حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے عظیم اتحاد کی تشکیل معاون و مددگار ثابت ہوگی۔ انھوں نے کہاکہ آج کے اجلاس میں نشستوں کی تقسیم پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ صرف عظیم اتحاد تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اتحاد میں مزید جماعتیں شامل ہوں گی اُن سب سے صلاح و مشورے کے بعد دوسرے مرحلے طے کئے جائیں گے۔