عظیم اتحاد کا مقصد تلنگانہ پر آندھرائی کنٹرول

عوام سے گمراہ نہ ہونے کی اپیل، ٹی آر ایس کی انتخابی مہم سے کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ عظیم ا تحاد کو عوام مسترد کردیں گے ۔ کیونکہ اتحاد کا مقصد تلنگانہ کا کنٹرول پھر ایک بار آندھرائی قائدین کے سپرد کرنا ہے۔ کے ٹی آر نے راجننا سرسلہ ضلع کے مختلف علاقوں میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کے قائدین کو اقتدار سے دلچسپی ہے جبکہ ٹی آر ایس عوام کی بھلائی اور ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار سال کے مختصر عرصہ میں کے سی آر کی قیادت میں ترقی اور بھلائی کے جو کام انجام دیئے گئے ، اس کا اعتراف دیگر ریاستوں کی حکومتوں نے کیا ہے۔ مختلف ریاستوں کے وزراء اور مرکزی وزراء نے تلنگانہ کی ترقی کا اعتراف کیا لیکن آج عظیم اتحاد میں شامل جماعتیں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسمبر میں پھر ایک بار کے سی آر چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوں گے اور ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کی اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی کی سربراہی کے سی آر حکومت کا کارنامہ ہے۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں اس طرح کی سہولت موجود نہیں ہے۔ کانگریس اور تلگو دیشم دور حکومت میں کسانوں نے برقی کے لئے احتجاج کیا تو ان پر گولی چلائی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کانگریس کی جانب سے عدالت میں مقدمات درج نہ کئے جاتے تو آبپاشی پراجکٹس کی مقررہ مدت تکمیل ہوجاتی۔ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر روکنے کیلئے 200 مقدمات دائر کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس کی تعمیر سے تلنگانہ میں خشک سالی کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔ کے ٹی آر نے مہا کوٹمی کو موقع پر ستانہ اتحاد سے تعبیر کیا اور کہا کہ مخالفین تلنگانہ کا تلنگانہ کی ترقی سے مقابلہ ہے۔ وہ نہیں چاہتے کہ تلنگانہ ہر شعبہ میں آندھراپردیش کو پیچھے چھوڑ دے۔ چندرا بابو نائیڈو سے ملی بھگت کے ذریعہ تلنگانہ کی ترقی روکنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے عظیم اتحاد کے قائدین پر چیف منسٹر کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر تنقید کی اور کہا کہ عوام حکومت کی کارکردگی سے اچھی طرح واقف ہیں اور وہ گمراہ ہونے والے نہیں۔