بریلی ( اترپردیش ) ۔ 6 ۔ جنوری : (سیاست ڈاٹ کام ) : بدایوں میں سال نو کے موقع پر ایک پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں کمسن لڑکی کی عصمت ریزی کے بعد مفرور 2 کانسٹبلوں میں سے ایک کو آج صبح سویرے گرفتار کرلیا گیا جب کہ وہ ، دہلی جانے والی ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش میں تھا ۔ ایڈیشنل ایس پی مسٹر راجیو ملہوترہ نے بتایا کہ کانسٹبل اویناش یادو کو شب ایک بجے اسپیشل ٹاسک فورس اور مقامی پولیس نے ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کرلیا ۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرے ملزم ویرپال یادو کی تلاش جاری ہے اور بہت جلد اسے گرفتار کرلیا جائے گا ۔ جبکہ دونوں کانسٹبلوں کو خدمات سے برطرف کردیا گیا ہے ۔ جنہوں نے ایک 14 سالہ لڑکی کا اغواء کرنے کے بعد موسی جھاگ پولیس اسٹیشن میں عصمت ریزی کردی تھی ۔ نائٹ ڈیوٹی انچارج ہیما نشو شکلا اور ہیڈ کانسٹبل اودے ویر سنگھ کو بھی معطل کردیاگیا ۔۔
آر ٹی سی بس میں لاوارث ٹفن
باکس سے مسافرین خوفزدہ
جلپائی گوڈی ۔ 6 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ضلع جلپائی گوڈی کے مستقر پر ہیڈکوارٹر کے قریب آر ٹی سی بس میں ایک لاوارث ٹفن باکس دستیاب ہونے پر مسافرین میں خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے بموں کو ناکارہ بنانے والے دستہ کو طلب کر کے ٹفن باکس کھولا گیا جس میں مٹھائی کے ٹکڑے پائے گئے یہ بس جلپائی گوڈی سے بنارہٹ جارہی تھی کہ مسافرین کی نظر ایک لاوارث ٹفن باکس پر پڑی ، جس کے ساتھ بس کو روک کر مسافرین کو اتار دیا گیا ۔ بس کا محاصرہ کر کے ٹفن باکس کھولا گیا جس میں سے دودھ پیڑے دستیاب ہوئے ۔ بعد ازاں مسافرین کو دوسری بس کے ذریعہ روانہ کردیا گیا ۔۔