عصمت ریزی کیس میں انجینئر کو سزائے قید

نئی دہلی ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : شعبہ تعمیرات عامہ کے ایک انجینئر کو عصمت ریزی کیس میں دہلی کی عدالت نے 7 سال کی سزائے قید سنائی ہے ۔ جو کہ ایک خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر ناجائز تعلقات قائم کرتے ہوئے 2 بچیوں کا باپ بن گیا ۔ دہلی کے شہری اکشے کمار کے خلاف سزا سناتے ہوئے سیشن جج ویریندر بھٹ نے کہا کہ ملزم نے ایک مطلقہ خاتون سے شادی کا وعدہ کر کے جنسی استحصال کیا اور جب یہ خاتون جڑواں بچیوں کو جنم دیا تو ترک تعلق کرلیا ۔ عدالت نے اکشے کمار کی اس درخواست کو مسترد کردیا کہ سزائے قید سے بری کردینے پر خاتون اور اس کے بچیوں کی دیکھ بھال کرے گا کہا کہ ملزم کو یہ بات اس وقت سوچنا چاہئے تھا جب شادی کا وعدہ کر کے جنسی تعلقات قائم کئے گئے اور اگر وہ جیل چلا گیا تو اس کے بیوی اور بچوں کا کیا ہوگا ۔ عدالت نے ایک لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے یہ رقم متاثرہ خاتون کے حوالے کرنے کی ہدایت دی ہے ۔