عصمت ریزی پر جیٹلی کا تبصرہ ، متاثرہ کے والدین کی مذمت

نئی دہلی 22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کا تبصرہ کہ چھوٹے موٹے عصمت ریزی کے واقعات کی بناء پر اُن پر مختلف گوشوں سے حد سے زیادہ تنقید کی جارہی ہے کیونکہ اُنھوں نے خاص طور پر کسی ایک واقعہ کا حوالہ نہیں دیا تھا اور نہ اُن کا ارادہ اِس جرم کی اہمیت کو کم کرنا تھا۔ اُنھوں نے اپنے ایک بیان میں اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ بعض الفاظ جو ہم ادا کرتے ہیں بے حس معلوم ہوتے ہیں حالانکہ ہمارا ارادہ ایسا نہیں ہوتا۔ وہ اپنے کل کے تبصرہ کا حوالہ دے رہے تھے جو ریاستی وزرائے سیاحت کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کیا تھا۔ متاثرہ لڑکی کی والدہ نے کہاکہ اُنھیں جیٹلی کے تبصرے سے مایوسی ہوئی ہے جنھوں نے اِس کو ایک ’’چھوٹا سا عصمت ریزی کا واقعہ‘‘ قرار دیا ہے۔ متاثرہ کے والد نے کہاکہ ہم ارون جیٹلی کے بیان سے اپنے جذبات کو مجروح ہوتا ہوا محسوس کررہے ہیں۔ عصمت ریزی کا کوئی بھی واقعہ چھوٹا سا نہیں ہوتا، ایسا ہر واقعہ پورے ملک کیلئے شرمناک ہوتا ہے۔ جب عوامی شخصیات اور سیاستداں ایسے بیان دینے لگیں تو صاف ظاہر ہے کہ وہ اِس جرم کے سلسلہ میں بے حس ہیں۔ اُنھوں نے یاد بھی نہیں ہے کہ کس وقت کیا بات کرنی چاہئے کیونکہ اُن کی بات صرف پورا ملک ہی نہیں پوری دنیا سنتی ہے۔