عشرت کیس : میں نے بس احکام کی تعمیل کی : ونزارا

احمدآباد ، 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جیل میں بند آئی پی ایس آفیسر ڈی جی ونزارا نے آج ایک خصوصی سی بی آئی عدالت کو بتایا کہ انھوں نے 2004ء کا عشرت جہاں انکاؤنٹر اپنے افسر بالا کے احکام پر انٹلیجنس بیورو (آئی بی) سے موصولہ اطلاعات کی اساس کے پیش نظر انجام دیا تھا۔ انھوں نے یہ بیان اپنے وکیل کے ذریعہ اپنی ضمانت عرضی پر سماعت کے دوران پیش کیا ہے۔ اُن کے وکیل وی ڈی گجر نے سی بی آئی کورٹ جج کے آر اپادھیائے کو بتایا کہ آئی نے اگست میں سپریم کورٹ کے روبرو پیش کردہ ایک حلفنامہ میں واضح طور پر تذکرہ کرچکی ہے کہ اس انکاؤنٹر میں مارے گئے چار افراد مشتبہ دہشت گرد تھے اور یہ دعویٰ کی 26/11 کے سازشی ڈیوڈ ہیڈلے کے بیان سے تائید ہوتی ہے۔ ونزارا جو تب ڈی آئی جی تھے، آئی بی اطلاعات سے واقف نہیں تھے اور بس اپنے افسر بالا کوشک کے ذریعہ ملنے والے احکام پر یہ انکاؤنٹر کیا تھا۔