عشرت مقدمہ، عدالت میں دو سال سے کوئی پیشرفت نہیں

احمدآباد 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عشرت جہاں کے مبینہ فرضی انکاؤنٹر مقدمہ پر جاری سیاسی رسہ کشی سے قطع نظر یہ مقدمہ گزشتہ دو سال سے سی بی آئی عدالت میں جوں کا توں حالت میں موجود ہے۔ آئی بی عہدیداروں کے خلاف سی بی آئی نے جو چارج شیٹ پیش کی اس کی بناء قانونی چارہ جوئی کے لئے عدالت کو مرکز کی منظوری کا انتظار ہے۔ سی بی آئی نے عشرت جہاں اور دیگر تین کے انکاؤنٹر مقدمہ میں دو چارج شیٹ پیش کئے ہیں۔ پہلی چارج شیٹ جولائی 2013 ء میں سات پولیس عہدیداروں کے خلاف پیش کی گئی۔ اس میں سی بی آئی نے کہاکہ یہ انکاؤنٹر فرضی اور گجرات پولیس و انٹلی جنس بیورو کی کارروائی تھی۔ دوسری چارج شیٹ فروری 2014 ء میں پیش کی گئی۔ تاہم سی بی آئی نے اس چارج شیٹ میں جن چار آئی بی عہدیداروں کے نام شامل ہیں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لئے مرکزی وزارت قانون سے اجازت حاصل نہیں کی۔