عشرت جہاں کیس کی گمشدہ فائیلوں کی تحقیقات

تحقیقاتی آفیسر کی میعاد میں مزید دو ماہ کی توسیع
نئی دہلی ۔ /29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سینئر آئی اے ایس عہدیدار بی کے پرساد جو عشرت جہاں کی مبینہ فرضی انکاؤنٹر ہلاکت سے متعلق کیس کی گمشدہ فائیلوں کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں ۔ مزید دو ماہ کی توسیع دی جارہی ہے ۔ اس سال جولائی تک ان کی خدمات کو توسیع دی گئی ہے ۔ 1983 ء بیاچ کے آئی اے ایس آفیسر ٹاملناڈو کیڈر پرساد /31 مارچ کو ہی سبکدوش ہوئے ہیں ۔ وزارت داخلہ میں ایڈیشنل سکریٹری کے پرساد تو یکم جون 2016 ء سے /31 جولائی 2016 ء تک دو ماہ کی توسیع دی جارہی ہے ۔ اس سلسلہ میں سرکاری احکام جاری ہوئے ہیں ۔ اس توسیع کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ توسیع وزارت داخلہ کی مدد کرنے کے لئے دی گئی ہے ۔ تاکہ وہ پرساد کی زیرقیادت ایک رکنی تحقیقاتی پیانل کی تحقیقات پر کارروائی کرنے کے لئے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرسکیں ۔ اس کمیٹی نے اب تک گمشدہ دستاویزات کا پتہ نہیں چلایا ہے ۔ اس سال مارچ میں پارلیمنٹ میں زبردست ہنگامہ ہوا تھا۔ اس وقت وزیر داخلہ سے کہا گیا تھا کہ وہ پرساد کی میعاد میں توسیع کریں تاکہ اس سارے مسئلہ کی مکمل تحقیقات کی جاسکے ۔ واضح رہے کہ ممبئی کی لڑکی عشرت جہاں کو لشکر طیبہ سے وابستگی کے الزام میں فرضی انکاؤنٹر کے ذریعہ ہلاک کیا گیا تھا ۔