اہم حقائق پیش کرنے ملزم پولیس عہدیدار کی درخواست
احمد آباد 27 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی خصوصی عدالت کی جانب سے عشرت جہاں فرضی انکاؤنٹر میں ملزم ائی پی ایس عہدیدار این کے امین کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کئے جانے کے بعد ملزم نے ایک اور درخواست پیش کی ہے جس میں کیس کے تعلق سے بہت اہم حقائق پیش کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہے ۔ امین کے وکیل پی جے لمباچیہ کی جانب سے پیش کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سماعت کے وسط میں وکلا کی تبدیلی اور درکار وقت نہ ملنے کی وجہ سے کچھ اہم حقائق اور قانونی نکتے پیش نہیں کئے جاسکے ہیں۔ 13 اپریل کو سی بی آئی کے خصوصی جج کے آر اپادھیائے نے امین کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا اور سمجھا جارہا تھا کہ وہ اس پر آج فیصلہ سنائیں گے ۔ اب عدالت میں امین کے وکیل کی درخواست پر 5 مئی کو غور کیا جائیگا ۔ امین اس وقت اسپیشل برانچ میں سپرنٹنڈنٹ پولیس تھے جب ممبئی کی نوجوان لڑکی عشرت جہاں ‘ جاوید شیخ ‘ امجد علی رانا اور ذیشان جوہر کو ایک فرضی انکاونٹر میں ہلاک کردیا گیا تھا ۔