احمدآباد۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے عشرت جہاں مبینہ فرضی انکاؤنٹر کیس میں ایک مجسٹریٹ کی طرف سے انٹلیجنس بیورو کے دو افسران کے نام جاری کردہ سمنس کو آج کالعدم کردیا۔ سی بی آئی کے خصوصی جج جے بی پانڈیا نے تحت کی عدالت کے اس محکمہ کو کالعدم کردیا جس کے ذریعہ راجیہ وانکھیڈے اور ٹی ایس متل کو حاضری کا حکم دیا گیا تھا۔ جون 2004ء میں مبینہ فرضی انکاؤنٹر کے وقت یہ دونوں اسسٹنٹ سنٹرل انٹلیجنس آفیسرس کی حیثیت سے برسرخدمت تھے۔ ان دونوں نے اپنے نام سمنس کی اجرائی کو چیلنج کیا تھا۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت نے آئی بی کے دیگر دو افسران اسپیشل ڈائریکٹر راجیندر کمار اور آفیسر ایم ایس سنہا کے نام بھی سمن جاری کی تھی لیکن یہ دونوں انہیں چیلنج کرنے کیلئے سی بی آئی کی خصوصی عدالت سے رجوع نہیں ہوئے تھے۔ سی بی آئی نے آئی بی کے 4 افسران پر قتل، مجرمانہ سازش، غیرقانونی حراست اور اغوا کے الزامات عائد کئے تھے۔