عشرت انکاؤنٹر : نریندر امین کو بھی ضمانت

احمد آباد ، 8 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) عشرت جہاں فرضی انکاؤنٹر کیس میں اب تک جیل میں رہنے والے واحد پولیس عہدہ دار این کے امین کو بھی سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے آج ضمانت عطا کردی ۔ عدالت نے کہا کہ ملزم کی ابتر صحت اور دیگر ملزمین کی ضمانت کو دیکھتے ہوئے انہیں بھی ضمانت دی جا رہی ہے ۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے جج کے آر اپادھیائے نے نریندر امین کو ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دو، دو لاکھ روپئے کے شخصی اور سکیوریٹی بانڈز کے عوض ضمانت منظور کی جاتی ہے ۔ عدالت کی جانب سے ان کی ضمانت کی درخواست کو ابتری صحت کی بنیاد پر بھی منظور کیا گیا کیونکہ امین کو پراسٹیٹ کینسر کا عارضہ لاحق ہے ۔ اس کیس میں آئی پی ایس عہدیداران ڈی جی ونزارا اور پی پی پانڈے کو بھی راحت مل گئی، جنھیں فبروری میں ضمانت دی گئی تھی۔ سی بی آئی عدالت نے ملزم سے کہا کہ وہ اپنا پاسپورٹ عدالت میں جمع کروادے اور عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک نہ جائے ۔ امین کو ہر جمعرات عدالت میں حاضری کی ہدایت بھی ہے اور کہا کہ مقدمہ کی سماعت کے دوران بھی انہیں عدالت میں حاضررہنا ہوگا۔ عشرت کاانکاؤنٹر 2004 ء میں ہوا تھا ۔