عزیزیہ زمرہ کے عازمین کے حیدرآبادی رباط میں قیام کیلئے قرعہ کی تیاریاں

800 عازمین کو رباط میں رہائش کا موقع ملنے کا امکان ۔ سعودی وزارت حج و اوقاف سے تصریح کا حصول باقی
حیدرآباد۔/28جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی نے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کو حیدرآبادی رباط میں قیام کے سلسلہ میں قرعہ اندازی کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف سے عازمین کے قیام اور ان کی تعداد کے بارے میں تفصیلات ملتے ہی قرعہ اندازی کی تاریخ طئے کردی جائیگی۔ ناظر رباط نے جاریہ سال 800 عازمین کیلئے رہائشی انتظامات کا تیقن دیا ہے تاہم اس سلسلہ میں سعودی وزارت حج و اوقاف سے تصریح کا حصول باقی ہے۔ گذشتہ سال 600 عازمین کیلئے رہائش کا انتظام کیا گیا تھا جس کیلئے دو زائد عمارتیں کرایہ پر حاصل کی گئی تھیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ناظر رباط حسین الشریف 15 جولائی کو حیدرآباد پہنچ رہے ہیں اور ان کی آمد کے بعد قرعہ اندازی کردی جائیگی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے حسین شریف سے بات کی اور زائد عازمین کیلئے انتظامات کی خواہش کی۔ واضح رہے کہ نظام اوقاف کمیٹی سے خواہش کی گئی تھی کہ وہ درخواستوں کے حصول کیلئے اعلامیہ جاری کریں لیکن اوقاف کمیٹی نے سنٹرل حج کمیٹی سے خواہش کی ہے کہ عازمین کو دوسری اور آخری قسط کی ادائیگی کی آخری تاریخ میں 15دن کی توسیع دی جائے تاکہ رباط میں قیام کے انتظامات میں سہولت ہو۔ واضح رہے کہ رباط میں قیام کیلئے منتخب ہونے والے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کو فی کس47700 روپئے کی بچت ہوتی ہے اور مکمل رقم ادا کرنے پر سنٹرل حج کمیٹی یہ رقم واپس کرتی ہے جبکہ اگر آخری تاریخ باقی ہو تو منتخب عازمین 47700روپئے منہا کرکے دوسری قسط جمع کرسکتے ہیں۔ عزیزیہ اور گرین دونوں زمروں کیلئے دوسری قسط کی ادائیگی کی آخری تاریخ 2 جولائی ہے اور تلنگانہ حج کمیٹی نے تاریخ میں توسیع کی خواہش کی ہے۔ تلنگانہ میں محرم زمرہ کے تحت 21 اور ویٹنگ لسٹ کے 111 عازمین کیلئے دوسری قسط داخل کرنے کیلئے 4جولائی تک مہلت دی گئی ہے اور انہیں مکمل رقم ایک وقت میں ادا کرنا ہوگا ۔ گرین زمرہ کے عازمین کیلئے جملہ اخراجات 2 لاکھ 20ہزار 550 ہیں جس میں سے پہلی قسط 81 ہزار روپئے جمع کئے گئے باقی ایک لاکھ 39 ہزار 550 روپئے 2جولائی تک جمع کرنے ہیں ۔ عزیزیہ زمرہ کی جملہ ادائیگی ایک لاکھ 86ہزار 650 روپئے ہے جن میں سے 81 ہزار پہلی قسط حاصل کئے گئے ۔ 2جولائی تک 1 لاکھ 5650 روپئے جمع کرنے ہیں۔ رباط میں منتخب ہونے کی صورت میں عازمین کو اس رقم سے 47700 روپئے منہا کردیئے جائیں گے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج کیمپ کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے اور امکان ہے کہ آندھرا پردیش حج کمیٹی اپنے عازمین کی روانگی اور حج ہاوز میں قیام کے سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی سے یادداشت مفاہمت کرے گی۔ عازمین کی روانگی کا آغاز 21اگسٹ سے ہوگا اور28 اگسٹ کو آخری فلائیٹ روانہ ہوگی یہ تمام پروازیں حیدرآباد سے جدہ روانہ ہوں گی اور عازمین حج احرام کی حالت میں روانہ ہوں گے۔ 4اکٹوبر سے واپسی کا آغاز ہوگا اور 11اکٹوبر کو آخری فلائیٹ واپس ہوگی۔ واپسی میں تمام پروازیں مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوں گی۔