علیگڑھ ۔16 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) عزت نفس کے لئے قتل کا ایک مشتبہ واقعہ پیش آیا جس میں 17 سالہ لڑکی کو تین بھائیوں نے مبینہ طورپر گولی مارکر ہلاک کردیا اور اُس کی نعش کو نذر آتش کردیا۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ علاقہ کھیر میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں دیویندری نامی لڑکی ایک نوجوان کے ساتھ 14 جون کو گھر سے فرار ہوگئی تھی ۔ وہ آج صبح واپس ہوئی تو تین بھائیوں کے ساتھ اُس کی بحث ہوگئی جس کے بعد مبینہ طورپر ان تینوں نے اُسے ماردیا اور اُس کی نعش کو نذر آتش کردیا۔ پولیس کے مطابق اب تک کسی نے بھی یہاں پہنچ کر شکایت نہیں درج کرائی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اگر کوئی رکن خاندان ایف آئی آر درج نہ کرائے تو ایسی صورت میں پولیس ازخود یہ کارروائی کرے گی ۔ سینئر پولیس عہدیداروں نے مقام واردات کا دورہ کیا اور لڑکی کے ارکان خاندان کی تلاش شروع کردی ہے ۔