عراق کیلئے مزید 1300 امریکی فوجی

واشنگٹن ، 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے مزید 13سو فوجی عراق بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ پنٹگان کے مطابق یہ فوجی عراقی دستوں کو تربیت، مشاورت اور تعاون فراہم کریں گے اور یہ جنوری کے اواخر سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ گزشتہ روز جاری ہونے والے اس بیان میں مزید بتایا گیا کہ یہ تعیناتی امریکی صدر براک اوباما کے اْس اعلان کا حصہ ہے، جس میں انہوں نے 1500 اضافی فوجی عراق بھیجنے کی منظوری دی تھی۔ امریکہ اگست سے شام اور عراق میں دہشت گرد تنظیم ’داعش‘ کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔ اس دوران ایک ہزار سے زائد مرتبہ امریکی فضائیہ نے آئی ایس کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ یہ کارروائی کے باوجود داعش کی مزاحمت باعث تشویش بنتی جارہی ہے۔