حکومت ہند سے فوری واپسی کیلئے اقدام کرنے عزیزوں کا مطالبہ
امرتسر 16 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) عراق میں جہاں حالات دگرگوں ہوتے جا رہے ہیں اور باغیوں نے کچھ شہروں پر قبضہ کرلیا ہے پنجاب اور ہماچل پردیش سے تعلق رکھنے والے 41 نوجوان موصل اور تکریت میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ ان نوجوانوں کے افراد خاندان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان نوجوانوں کو جنگ زدہ ملک سے جلد از جلد واپس لایا جائے ۔ موصل اور تکریت پر باغیوں نے قبضہ کرلیا ہے اور وہ دوسرے شہروں کی سمت پیشرفت کے منصوبے بنا رہے ہیں۔ حکومت ہند نے اتوار کو اپنے شہریوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ عراق کا سفر کرنے سے گریز کریں۔ حکومت نے وہاں تشدد میں اضافہ کے اندیشے ظاہر کئے تھے ۔ حالانکہ موصل اور تکریت میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کا کوئی سرکاری ریکارڈ نہیں ہے تاہم سمجھا جارہا ہے کہ 14 نوجوانوں کا امرتسر اور قریبی اضلاع سے تعلق ہے ۔ انہیں مختلف ایجنٹوں نے دوبئی میں کام دلانے کا وعدہ کرکے بعد میں عراق منتقل کردیا تھا ۔ اس کے علاوہ معلوم ہوا ہے کہ ہماچل پردیش کے بھی چند نوجوان عراق میں ہیں ۔ وہ بھی مختلف ایجنٹوں کے ذریعہ روزگار کیلئے خلیجی ممالک کو جانا چاہتے تھے جنہیں بعد میں عراق روانہ کردیا گیا ۔ کچھ نوجوانوں کو دوبئی لیجایا گیا اور وہاں سے عراق روانہ کردیا گیا ۔ ان نوجوانوں کے رشتہ دار مختلف وجوہات کی بنا پر ذرائع ابلاغ کے سامنے آنے سے گریز کر رہے ہیں تاہم ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت ہند ان نوجوانوں کو جلد از جلد ہندوستان واپس لانے اقدامات کرے۔