حیدرآباد28 جنوری ( یو این آئی) تلنگانہ کے ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والے 15افراد جو عراق میں پھنس گئے تھے ان میں سے 14افراد تلنگانہ این آر آئی ونگ ، گلف تلنگانہ ویلفیر اینڈ کلچرل ایسوسی ایشن کی مساعی کے سبب 29جنوری کو واپس ہوجائیں گے ۔این آر آئی ونگ کے عہدیدار چٹی بابو کے مطابق 14افراد نے اپنی واپسی کے لئے رضامندی کااظہار کیا ہے جبکہ ایک شخص وہاں ورک پرمٹ اور ملازمت کے حصول کے لئے کوشش کررہا ہے ۔ان افراد کو ایجنٹ نے دھوکہ دیا اور ان کو ملازمت و ورک ویزا کا وعدہ کرتے ہوئے ان سے فی کس دو لاکھ روپئے وصول کئے گئے ۔عراق میں پانچ ماہ تک مشکلات کا سامنا کرنے ، وہاں مناسب غذا اور کام کے بغیر زندگی گزارتے ہوئے یہ افراد کافی پریشان تھے تاہم عراق میں گلف ویلفیر ایسوسی ایشن کے نمائندے بسونت ریڈی کی مدد سے عراق کے ایربیل علاقہ میں ہندوستانی قونصل خانہ سے ربط پیدا کیاگیا جس نے انسانی بنیادوں پران افراد کو واپس بھیجنے پر رضامندی کا اظہار کیا ۔یہ افراد کل صبح قومی دارالحکومت دہلی پہنچیں گے ۔