عراق میں دولت اسلامیہ کارکنوں کو نشانہ بنانے امریکی ڈیلٹا فورس تعینات

واشنگٹن ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے اپنی اعلیٰ سطحی انسداد دہشت گردی ڈیلٹا فورس کو عراق میں خفیہ کارروائیاں کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی دولت اسلامیہ کارکنوں کو گرفتار کرنے، اُن کو ہلاک کرنے اور اُن کے خلاف سراغ جمع کرنے کے لئے تعینات کیا ہے۔ فوج کی اعلیٰ سطحی ڈیلٹا فورس  کے ایک عہدیدار نے کہاکہ یہ گروپ گزشتہ کئی ہفتے تیاری کے لئے وقف کرچکا ہے جس میں سرکاری مکانات کا قیام، سراغ رسانی نیٹ ورک کا قیام اور عراقی و پیش مرگا فوج کے ساتھ تعاون پر مبنی کارروائیاں کرنا شامل ہیں۔ یہی حکمت عملی خصوصی فوج نے ماضی میں بھی جنگ کے علاقوں میں اختیار کی تھی۔ ڈیلٹا فورس اپنی اِس حکمت عملی کا اعادہ کرے گی۔ عراق اور افغانستان میں کئی برسوں تک امریکہ نے اِس حکمت عملی کو آزمایا ہے۔ عہدیدار نے کہاکہ منصوبہ کے تحت کافی سراغ جمع کئے جاچکے ہیں تاکہ دہشت گردوں کی عمارتوں اور پوشیدہ ٹھکانوں پر دھاوے کئے جاسکیں۔ جو سراغ اِن مقامات سے دستیاب ہوئے ہیں جیسے کہ لیاپ ٹاپس اور سیل فونس، فوج، دولت اسلامیہ کے نیٹ ورکس کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے اور مزید متعلقہ نشانوں پر تیز رفتار حملے کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ یہ حکمت عملی مئی 2015 ء میں کامیاب ثابت ہوچکی ہے جبکہ ڈیلٹا فورس نے شام کی ایک عمارت پر دھاوا کیا تھا اور دولت اسلامیہ کے کارکن ابو سیاف کو ہلاک اور اُس کی بیوی کو گرفتار کرلیا تھا۔