عراق میں حملے، 5 چھاپہ مار ہلاک

بغداد ۔ 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے مختلف مقامات پر حملوں کے دوران عسکریت پسندوں کی مخالف ایک سنی چھاپہ مار تنظیم سے تعلق رکھنے والے 5 ارکان ہلاک ہوگئے۔ القاعدہ کے ایک گروپ نے بغداد میں سلسلہ وار بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ گذشتہ روز ان دھماکوں میں کم سے کم 19 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ عسکریت پسندوں کی جانب سے سنی چھاپہ ماروں کو مسلسل حملوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان چھاپہ ماروں نے عراق میں القاعدہ کے خلاف لڑائی جب عروج پر پہنچ چکی تھی امریکی فوج کا ساتھ دیا تھا۔ آج کے ایک حملہ میں بندوق برداروں نے تیز رفتار کار سے ایک تلاشی مرکز پر فائرنگ کردی جہاں القاعدہ کے مخالف چھاپہ ماروں کی جانب سے پہرہ دیا جارہا تھا۔ اس حملہ میں 3 سنی چھاپہ مار ہلاک اور دیگر 4 زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ شمالی بغداد سے 80 کیلو میٹر دور بلاد ٹاؤن میں پیش آیا۔ چند گھنٹوں بعد شمالی بغداد میں سڑک کے کنارے رکھے گئے ایک بم دھماکہ میں دیگر 2 چھاپہ مار ہلاک اور ان کے 4 ساتھی زخمی ہوگئے۔

سربیا میں سیلاب
بلغراد ، 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سربیا میں بد ترین سیلاب نے تباہی مچا دی، اور ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سربیا میں گزشتہ 120 سال کے بد ترین سیلاب کے باعث 4 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔