عراق میںپھنسے تلنگانہ کے افراد کیلئے ہیلپ لائن

حیدرآباد 17 جون (پی ٹی آئی) حکومت تلنگانہ نے عراق میں پھنسے ہوئے تلنگانہ کے افراد کا پتہ چلانے تمام ضلع کلکٹروں کو ہدایت کی ہے۔ اور اُن کے خاندانوں کو معلومات کی فراہمی کے لئے ہیلپ لائن کا قیام عمل میں لایا
گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’تمام تفصیلات جمع کی جائیں اور ایسے افراد کے نام، پاسپورٹ نمبر اور عراق میں اُن کی سکونت کے مقام کی تفصیلات کی فراہمی کے لئے خاندانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ اُن کمپنیوں کے نام بھی حاصل کئے جائیں جہاں وہ ملازمت کرتے ہیں ۔ مقامی پتہ کے ساتھ ٹیلیفون نمبر بھی جمع کئے جائیں جو حکومت تلنگانہ کو نئی دہلی میں وزارت اُمور خارجہ اور عراق میں ہندوستانی خانہ سفارت سے مؤثر رابطہ اور نمائندگی میں معاون ثابت ہوسکے‘‘۔ کلکٹروں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ معلومات کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کریں ۔ بیان کے مطابق بغداد میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ میں پہلے ہی ہیلپ لائنس قائم کئے جاچکے ہیں جن کے نمبر 00964 770444 4899 اور 00964 770 484 3247 ہیں۔ تلنگانہ سکریٹریٹ کے این آر آئیز سیل میں بھی ایک ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے جہاں سیکشن آفیسر ای چٹی بابو سے ٹیلیفون نمبر 040-23220603 ، موبائیل 94408 54433 پر ربط کیا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں ای میل آئی ڈی so_nri@telangana.gov.in پر ربط کیا جاسکتا ہے۔