عراق سے ہندوستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی

نئی دہلی ۔ 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے خواہش کی ہیکہ تشدد سے متاثرہ عراق میں پھنسے ہندوستانیوں کو واپس لانے کیلئے ممکنہ مدد کی جائے۔ سابق رکن پارلیمنٹ اور کانگریس ترجمان پی سی چاکو نے وزیراعظم کو ایک مکتوب میں بتایا کہ کیرالا سے تعلق رکھنے والی 46 نرسیس اور پیرا میڈیکل اسٹاف پھنسا ہوا ہے۔ انہوں نے ٹیلیفون پر ربط اور سنائی گئی تکالیف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کو فوری ممکنہ مدد بہم پہنچانی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کیرالا وومن چنڈی کو بھی عراق سے پریشان حال عوام کے فون کالس موصول ہورہے ہیں۔ وہ پہلے ہی وزیرخارجہ سشماسوراج کو مکتوب تحریر کرچکے ہیں جس میں پھنسے ہوئے ہندوستانی شہریوں کی واپسی کیلئے مرکز سے مدد کی خواہش کی گئی۔

عراق بحران سے نمٹنے ہندوستان تیار : ریزروبینک
ممبئی ۔ 17 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ عراق میں جاری بحران اور تشدد کی وجہ سے جہاں دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے وہیں ریزروبنک نے ایک اہم بیان میں کہا کہ ملک میں بیرونی زر مبادلہ کی صورتحال اطمینان بخش ہے اور کسی بھی امکانی بحران سے بہتر طورپر نمٹا جاسکتا ہے ۔ آر بی آئی گورنر رگھورام راجن نے کہا کہ جہاں تک خارجی محاذ کا تعلق ہے تو ہم یہ بات قطعی طورپر کہہ سکتے ہیں کہ ہماری حالت گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر ہے ۔ بیرونی زر مبادلہ کی صورتحال بھی اطمینان بخش ہے لہذا کسی بھی خارجی محاذ کیلئے ہمیں فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ۔