عدن :قصر صدارت پر باغیوں کا قبضہ ،44 ہلاک

عدن۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) یمنی باغی ، صدر عبدالرب منصور ہادی کے قصر میں آج زبردستی داخل ہوگئے۔ عدن صدر ہادی کا آخری مستحکم گڑھ ہے۔ خودساختہ جلاوطن قائد پر علامتی ضرب لگاتے ہوئے ایک ہفتہ طویل سعودی زیرقیادت فضائی حملوں کے باوجود باغی عدن کے قصر صدارت پر قابض ہوگئے، جبکہ القاعدہ کے عسکریت پسندوں نے سینکڑوں قیدیوں کو آزاد کروالیا۔ بیسیوں حوثی نیم فوجی جنگجو اور ان کے حلیف بکتر بند گاڑیوں میں عدن کے قصر صدارت کے اندر داخل ہوگئے۔ زبردست جھڑپوں بشمول دبابوں سے شلباری کے بعد باغیوں نے قصر پر قبضہ کرلیا۔ کم از کم 44 افراد بشمول 18 شہری مبینہ طور پر ہلاک ہوگئے۔سڑکوں پر نعشیں بکھری پڑی ہیں لیکن کسی میں ہمت نہیں کہ انہیں وہاں سے اُٹھا سکے۔ زخمی افراد بھی سڑکوں پر پڑے ہوئے ہیں۔ سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فوج کے ساتھ حوثیوں کی جھڑپ ہوئی ۔ سعودی عرب نے آج اعلان کیا کہ یمن میں فائرنگ سے اس کا ایک فوجی ہلاک اور دیگر 10 زخمی ہوگئے۔ یہ فائرنگ یمن سے متصلہ سرحد پر یمن سے سعودی فوج پر کی گئی تھی۔