عدم استحکام کی کوششوں کو سختی سے کچل دیا جائے

نئی دہلی 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں دہشت گرد حملوں میں سکیورٹی عملہ اور شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہاکہ عدم استحکام سے دوچار کرنے والی اس طرح کی کوشش کو آہنی پنجہ سے کچل دیا جائے۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے ایک صحافتی بیان میں کہاکہ فوج اور پولیس فورس کے شہیدوں کو میرا سلام۔ دہشت گردانہ حملوں میں ہلاک شہریوں کے پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ سرحد پار پاکستان سے عدم استحکام کی صورتحال پیدا کرنے کی وقفہ وقفہ سے کوشش کی جارہی ہے جسے پوری سختی کے ساتھ کچل دینے کی ضرورت ہے۔ مسٹر راہول گاندھی نے کہاکہ دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے ریاستی عوام

اور سرکاری اداروں کی کوشش میں کانگریس پارٹی ان کے ساتھ ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے انتخابی جلسوں سے عین قبل سرحد پار پاکستان سے عسکریت پسندوں کے دہشت گردانہ حملوں سے کل وادی کشمیر دہل گئی تھی۔ پوری سیکٹر میں آرمی کیمپ پر حملہ کرکے عسکریت پسندوں سے سکیورٹی عملہ کے 11 ارکان بشمول لیفٹننٹ کرنول اور 2 شہری ہلاک ہوگئے۔ وادی کشمیر میں سکیورٹی فورسیس کے ساتھ بندوقوں کی لڑائی اور حملوں میں 11 افراد بشمول لشکر طیبہ کا سرکردہ کمانڈر اور 7 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ یہ عسکریت پسند لیڈر پاکستان سے ایسے وقت گھس آئے جبکہ جموں و کشمیر میں منگل کو تشدد سے پاک اسمبلی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل کرلیا گیا تھا۔